سہسرام ​​صدر اسپتال میں منایا گیا نرسوں کا عالمی دن

تاثیر،۱۲       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نرسیں ہسپتال کی ہوتی ہیں ریڑھ،عوام ان کے جذبہ خدمت کا کرنا چاہئے احترام
 سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع صدر اسپتال سہسرام میں آج نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کا افتتاح انچارج سول سرجن ڈاکٹر اشوک کمار، سابق سول سرجن ڈاکٹر کے این تیواری اور دیگر ڈاکٹروں نے شمع افروزی کر کیا ۔ موقع پر موجود اے این ایم اور جی این ایم نرسوں نے کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو کیک کھلا کر نرسز ڈے پر ایک دوسرے کو مبارکبادیاں دیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق سول سرجن ڈاکٹر کے این تیواری نے کہا کہ نرسوں کا عالمی دن ہر سال 12 مئی کو پوری دنیا میں فلورنس نائٹنگیل کے یوم پیدائش پر منایا جاتا ہے جنہوں نے نرسنگ سروس کا آغاز کیا ۔ نرسیں ہسپتال کی خدمت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہیں، نرسیں لوگوں کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، یہ دن نرسوں کی خدمات کیلئے وقف ہے ۔ معلومات کے مطابق نرسز ڈے پہلی بار 1965 میں منایا گیا، اس کے بعد 12 مئی 1974 کو عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ۔ سابق سول سرجن نے کہا کہ نرسیں ہسپتالوں میں دن رات ایمانداری سے لوگوں کی خدمت کرتی ہیں ایسے میں عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ ہسپتالوں اور علاقوں میں خدمات فراہم کرنے والی نرسوں کا احترام کریں، انہوں نے نرسوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے عاجزی سب سے اہم ہے۔ مریض درد میں، وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں لیکن ہمیں عاجزی نہیں کھونی چاہئے، ان کے دکھوں کو دور کرنے کیلئے خدمات فراہم کرنا ہی نائٹنگیل کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا ۔ سابق سول سرجن کا کہنا تھا کہ بعض اوقات اسپتال میں نرسوں کی کمی تھی لیکن آج حکومت نے ہر ضلع میں نرسنگ کالج کھولے ہیں، آج مواقع زیادہ ہیں لیکن خدمت کا جذبہ نرسنگ کا بنیادی منتر ہے ۔