سہسرام ​​کے قریب ملوار گیٹ سے پانچ سو میٹر مغرب میں بنایا جائیگا نیا ٹول پلازہ

تاثیر،۲۲       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

  سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام ​​کے نزدیک شیو ساگر بلاک علاقے کے ملوار گیٹ پر NH 19 پر واقع سہسرام ​​ٹول پلازہ اب ایک نئی جگہ منتقل ہو جائیگا، اسکے لئے موجودہ ٹول پلازہ کے مغرب میں پانچ سو میٹر زمین ایکوائر کر تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ ٹول حکام کے مطابق موجودہ ٹول پلازہ پر جگہ کی کمی تھی جسکی وجہ سے مناسب لین تعمیر نہیں ہو پا رہی تھی اور وقتاً فوقتاً جام کا مسئلہ بھی پیدا ہو رہا تھا، اسکے علاوہ جگہ کی کمی کی وجہ سے کمپنی کے اعلیٰ حکام کو ٹول پلازہ سے دوسری جگہ پر رہنا پڑتا تھا جس سے کافی پریشانی کا سامنا تھا ۔ نئے ٹول کی تعمیر کے بعد اب NHAI کے سینئر افسران کے دفاتر بھی ٹول پلازہ پر ہونگے، ایسی صورتحال میں کوئی بھی گاڑی مالک یا عام عوام اپنے مسائل اور تجاویز اعلیٰ حکام کے سامنے رکھ سکینگے، جبکہ ملوار گیٹ سے ٹول پلازہ ہٹانے سے ضلع ہیڈ کوارٹر سہسرام سے سٹے گاؤں کی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس کی بھی بچت ہو گی، اس سے درجن بھر گاؤں کو ٹول ٹیکس سے بچایا جائیگا، منیجر امیت کمار سنگھانیہ نے بتایا کہ نئے ٹول پلازہ کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے، یہاں کتنے افسران اور اہلکار تعینات ہونگے، کتنی لین تعمیر کی جائینگی اور کیا سہولیات میسر ہونگی، سینئر حکام کی ہدایات کے مطابق بعد میں واضح کیا جائیگا ۔