قومی راجدھانی دہلی میں درجہ حرارت 42 کے پار، مزید چڑھے گا پارہ

تاثیر،۱۶       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 17 مئی: اس سال 16 مئی قومی راجدھانی دہلی کے لیے سب سے گرم رہا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیسسے تجاوز کر گیا۔ جمعرات کو اس سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی جاری کی ہے کہ آج اور کل درجہ حرارت اس سے بھی زیادہ رہے گا۔ ہفتہ کو بھی لو‘ چلنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے دو ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ یہ اس سیزن میں اب تک سب سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل 8 مئی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کم سے کم درجہ حرارت 24.8 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ ہوا میں نمی کی سطح 65 فیصد سے 25 تک رہی۔ منگیش پور دہلی کا گرم ترین علاقہ تھا۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ نے پیشن گوئی کی ہے کہ آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم دھوپ بھی نکلے گی۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 43 اور 25 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ ہفتہ کو دارالحکومت کے مختلف مقامات پرلو‘ چلنے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پالم میں 43.5 ڈگری سیلسیس، آیا نگر میں 43.5، جعفرپور میں 43.7، نجف گڑھ میں 44.2، منگیش پور میں 44.4، پیتم پورہ میں 44.2 اور پوسا میں 44.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس سال مانسون کا آغاز وقت سے ایک دن پہلے ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوب مغربی مانسون 31 مئی کے آس پاس کیرالہ سے ٹکرائے گا۔ جنوب مغربی مانسون عام طور پر یکم جون کو کیرالہ میں داخل ہوتا ہے۔ اس کے بعد یہ عام طور پر شمال کی طرف بڑھتا ہے اور 15 جولائی کے آس پاس پورے ملک میں پھیل جاتا ہے۔ پچھلے مہینے، محکمہ نے جنوب مغربی مانسون کے موسم کے دوران معمول سے زیادہ بارش کی پیشن گوئی کی تھی جو جون سے ستمبر تک جاری رہتی ہے۔ جون اور جولائی زراعت کے لیے ما سون کے اہم مہینے تصور کیے جاتے ہیں۔ اس دوران خریف کی فصلیں بوئی جاتی ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اس سال مانسون کی اوسط سے زیادہ بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ ارتھ سائنسز کی وزارت کے سکریٹری ایم روی چندرن نے کہا ہے کہ اس سال اوسط بارش 106 فیصد رہنے کی امید ہے۔