مسوری میں گاڑی کھائی میں گر گئی، رڑکی میں بس چیک پوسٹ پر چڑھی، پانچ افراد ہلاک

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مسوری/روڑکی، 4 مئی: اتراکھنڈ میں پہاڑوں کی ملکہ مسوری میں دہرادون روڈ پر چوناکھال کے قریب آج صبح تقریباً 5 بجے ایک گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں چار نوجوانوں سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ ایک لڑکی شدید زخمی بتائی جاتی ہے۔ گاڑی میں کل چھ افراد سوار تھے۔ اس کے علاوہ روڑکی میں ایک بس چیک پوسٹ پر چڑھ گئی۔ اس حادثے میں کئی مسافر زخمی ہو گئے۔
مسوری کے کوتوال اروند چودھری نے بتایا کہ حادثے میں تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ زخمیوں کو کھائی سے نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا۔ ان میں سے مزید دو افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں چار نوجوان اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ ایک لڑکی شدید زخمی ہے۔ فائر آفیسر ڈی ایس ٹڈیال کے مطابق حادثہ چوناکھال جھاڑی پانی روڈ پر کمال کاٹیج کے قریب پیش آیا۔ کار میں کل چھ افراد سوار تھے جن میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
اس کے علاوہ روڑکی میں صبح ہریدوار سے راجستھان جارہی بس نارسن بارڈر پر ہائی وے کے درمیان واقع پولیس چیک پوسٹ کے کمرہ پر چڑھ گئی۔ کمرہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور بس الٹ گئی۔ چیک پوسٹ پر تعینات پی آر ڈی جوان نریش پال نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ اسے معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ بس میں سوار مسافروں کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں میں ویبھو ولد راجیو ساکن نوئیڈا، آشو ولد ستپال ساکن روہتک، پنکج کمار ولد مہیش ساکن چنڈی گڑھ، نشا دختر وجے سنگھ ساکن گروگرام، نشچے ولد مکت لال گپتا ساکن مودی نگر شامل ہیں۔ بس کا ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار ہیں۔ بس میں تقریباً 60 مسافر سوار تھے۔