نتیش کمار جلد پلٹی ماریں گے: تیجسوی کے بیان پر بہار میں کھلبلی

تاثیر،۲۸       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 28 مئی: بہار میں سابق ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو کھلی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ 4 جون کے بعد نتیش کمار پسماندہ طبقات کی سیاست اور پارٹی کو بچانے کے لیے کوئی بھی فیصلہ لے سکتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ہمارے چاچا پسماندہ طبقات اور اپنی پارٹی کی سیاست کو بچانے کے لیے 4 جون کے بعد کوئی بھی بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں۔ان دنوں نتیش کمار لگاتار کہہ رہے ہیں کہ اب وہ یہاں اور وہاں کہیں نہیں جائیں گے، وہیں تیجسوی کے اس طرح کے بیان سے کئی طرح کے اشارے مل رہے ہیں۔ نتیش کمار نے چند ماہ قبل ہی بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے آر جے ڈی کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔ اس کے بعد بہار میں بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔ اس سے پہلے بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے ایک بار پھر مودی حکومت پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے اپنے بلاگ پر لکھا کہ پہلے مودی جی لوگوں کو بہلاتے ہیں۔ اگر پھر بھی بات نہ بنے تو غلط استعمال کرتے ہیں۔ اور اگر طلبا اور نوجوان روزگار، نوکریوں میں بھرتی کا مطالبہ کرتے ہیں تو وہ حقوق دینے سے صاف انکار کر دیتے ہیں اور پھر پولیس کی لاٹھیوں سے مطالبہ کرنے والوں کو منتشر کر دیتے ہیں۔