نتیش کمار کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا مسلمانوں کا اخلاقی فریضہ : ڈاکٹر خالد انور

تاثیر،۱۱       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

 شیوہر لوک سبھا حلقہ سے جے ڈی یو امید وار لولی آنند کی حمایت میں رابطہ مہم زور و شور سے جاری

شیوہر،11مئی : جے ڈی یو ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا ہے کہ آر جے ڈی پارٹی مسلمانو ں کے خون و پسینے سے سینچی ہوئی پارٹی ہے لیکن پھر بھی مسلمانوں کی اس پارٹی میں کوئی عزت نہیں ہے ۔ لالویادو کو صرف مسلمانوں کا ووٹ چاہئے ، مسلم لیڈر شپ نہیں چاہئے۔ وہ نہیں چاہتے کہ کوئی مسلمان بہار میں سر اٹھا کر چلے ۔ انہوں نے ہمیشہ فرقہ پرستی کے نام پر ڈرا دھمکا کر مسلمانوں کا ووٹ حاصل کیا اور مسلمانوں کو پستی میں دھکیلا ۔ آج تیجسوی یادو مسلمانوں کو اپنے ساتھ بٹھانا تک پسند نہیں کرتے۔ابھی لوک سبھا انتخاب میں پورے بہار کے مسلمانوں کو لا لو یادو نے صرف دو ٹکٹ دیا جب کہ اپنی بیٹیوں کو دو ٹکٹ دے کرپورے بہار کے مسلمانوںکی حیثیت کو اپنے خاندان کے برابر تول دیا ۔ اس طرح سے وہ مسلمانوں کو اس کی اوقات بتاتے ہیں ۔ لیکن پھر بھی بہار کے مسلمان ایسے نام نہاد لیڈروں کو جھولی بھر بھر کر ووٹ دے دیتے ہیں جو کہ لمحہ فکر یہ ہے ۔
ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انورآج شیوہر لوک سبھا حلقہ میں جے ڈی یو امید وار لولی آنند کی حمایت میں عوامی رابطہ مہم کے دوران لوگوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو  اس پر غور کرنا چاہئے کہ جس خاندان نے بہار کو تاریکی کی دلدل میں دھکیل دیا، جس خاندان نے مسلمانوں کے لئے کبھی کوئی بھلائی کا کام نہیں کیا اس خاندان کو ہم ووٹ کیوں دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک بی جے پی کو ہرانے کے چکر میں مسلمان اپنی سیاسی بصیرت کا مسلسل خون کرتے آ رہے ہیں۔آر جے ڈی کو جھولی بھر بھر کے ووٹدے دیتے ہیں پھر بھی بی جے پی جیت جاتی ہے اور مسلمان کہیں کے نہیں رہ جاتے۔ ہمیں اپنی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ایسے لوگوں کے بہکاوے میں آنے کی ضرورت نہیں ہے جو فرقہ پرستی کا خوف دکھا کر ووٹ اینٹھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ہمیں سیاسی طور پر بیدار ہونا ہوگا۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ہمارا رہبر کون ہے اور ہم کو محض ووٹ بینک کے طور پر دہائیوں سے کون استعمال کرتے آرہا ہے۔۔وزیر اعلی نتیش کمار نے بہار کے مسلمانوں کیلئے جو کچھ کیاہے اس سے مسلمان اچھی طرح واقف ہیں۔ لیکن  افسوس کہ انتخاب کے وقت ہم نام نہاد سیکولرپارٹی کے بہکاوے میں آ جاتے ہیں اور اپنے ہمدرد لیڈر کو بھول جاتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نتیش کمارجنہوں نے بہار کی ترقی کیلئے،بہار کے مسلمانوں کیلئے کام کیا ، بہار کو سنوارا سجایا، بہار کو تاریکی کی دلدل سے نکالاہمیں ایسے لیڈر کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا چاہئے ۔انصاف کا تقاضہ یہی ہے کہ ہم منصف اور سماجی علمبردار کے حامی لیڈر کو اپنا قائد چنیں اور ان کے ہاتھوں کو مضبوط کریں ۔
واضح ہو کہ شیوہر لوک سبھا حلقہ سے جے ڈی یو امید وار لولی آنند کی حمایت میںان دنوں عوامی رابطہ مہم زور و شور سے جاری ہے۔جے ڈی یو کے شیوہر لوک سبھا انچارج ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انورکی قیادت میں آج مدھوبن ودھان سبھا کے تحت تھربٹیا، چورما، ڈوبر بانہ، اٹوا، پکڑی دیال، رانی پور، بگہیا، پلٹ، گلاب خان، انروا، کوئیلہروا، گرہیا، جمونیا، ایجوربارا، فینہارا سمیت تقریباً دور درجن مقامات پر عوامی میٹنگیں کی گئیں اور لوگوں سے وزیر اعلیٰ نتیش کمارکے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کی اپیل کی گئی ۔ آج کے پرو گراموں میں سابق رکن اسمبلی شیو جی رائے ، محمد آفتاب عالم ،انصار الحق ، واجد شمس،محمد عالم، محمد رضوان،ساجد انور ، امتیاز الحق منا، ساجد مکھیا، محمد جنید، شمس الحق ،انور عالم، امریندر کمار وغیرہ خاص طور سے شامل تھے ۔