نیپال میں وزیر داخلہ لامیچھانے کے خلاف اپوزیشن کا سڑکوں سے لے کر پارلیمنٹ تک احتجاج

تاثیر،۱۵       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کھٹمنڈو، 16 مئی: نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ روی لامیچھانے کے خلاف اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے لے کر سڑکوں تک محاذ کھول دیا ہے۔ اپوزیشن مشترکہ پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی کے مطالبے پر ڈٹی ہوئی ہے۔ نیپالی کانگریس پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس سے لے کر اس وقت کے بجٹ اجلاس تک ایوان کی کارروائی کو روک کر مسلسل احتجاج کر رہی ہے۔
اپوزیشن نے بجٹ اجلاس کی کارروائی ایک منٹ بھی چلنے نہیں دی۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدرخطاب ضرور کر چکے ہیں لیکن ابھی تک شکریہ کی تحریک کی رسمی کارروائی مکمل نہیں ہوئی ہے۔ نیپالی کانگریس کے چیف وہپ رمیش لیکھک نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے ہوتے ،تب تک ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دی جائے گی۔
کانگریس نے حکومت پر دباو بڑھانے کے لیے اپنی پارٹی کی تمام تنظیموں کو سڑکوں پر اتار دیا ہے۔ آج صبح سے ہی کانگریس طلبا اور نوجوان تنظیموں کے کارکنان لامیچھانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ترون دل کے رہنما کھٹمنڈو کے مختلف علاقوں میں وزیر داخلہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ کچھ ضلع ہیڈکوارٹرز سے بھی احتجاج کی اطلاعات ہیں۔