ٹی- 20 ورلڈ کپ 2024- نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر کوری اینڈرسن یو ایس اے ٹیم میں شامل

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 4 مئی: یو ایس اے کرکٹ نے جمعہ کو آئندہ آئی سی سی ٹی -20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یکم جون سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز کریں گے۔نیوزی لینڈ کے سابق آل راونڈر کوری اینڈرسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اینڈرسن تین ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ مونک پٹیل ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل ہیوسٹن، ٹیکساس میں بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی- 20 باہمی میچ بھی کھیلے گی۔جارح وکٹ کیپر بلے باز شایان جہانگیر کو ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو گجانند سنگھ کی جگہ لیں گے۔پاکستان کے سابق انڈر 19 کھلاڑی جہانگیر کو زمبابوے میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں سب سے زیادہ رن بنانے کے باوجود کینیڈا ٹی -20 سیریز کے لیے حیران کن طور پر نظر انداز کر دیا گیا۔ حالانکہ گجانند کو کینیڈا سیریز میں 1* اور 0 کے اسکور کے ساتھ ناکامی کی بنیاد پر ڈراپ ہونے کے بعد برا محسوس ہو سکتا ہے۔امریکہ کے کرشماتی کھلاڑی علی خان کی انجری کے باعث طویل عرصے تک باہر رہنے کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ اس انجری کی وجہ سے وہ نیشنل ٹی- 20 اور کینیڈا سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔
علی کو آف اسپنر عثمان رفیق کی جگہ شامل کیا گیا جنہوں نے کینیڈا سیریز میں 2 اوورز میں 24 رن دیے تھے۔امریکی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ یکم جون کو ٹیکساس کے ڈیلاس میں کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد ٹیم لیگ مرحلے میں پاکستان، بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف اہم میچ کھیلے گی۔ورلڈ کپ کے لیے امریکی اسکواڈ اس طرح ہے: مونک پٹیل (کپتان)، ایرون جونز (نائب کپتان)، اسٹیون ٹیلر، کوری اینڈرسن، سوربھ نیترولکر، جیسی سنگھ، ہرمیت سنگھ، نوشٹش کینزیگے، شیڈلی وین شلکوک، نتیش کمار، اینڈریز گوس، شایان جہانگیر، علی خان، نثار پٹیل، ملند کمار۔ریزرو کھلاڑی: گجانند سنگھ، جوانوئے ڈریسڈیل، یاسر محمد۔