پاکستان میں دریائے سندھ کے ساحل پر گر گئی بس، 20 افراد ہلاک

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 03 مئی: شمال مغربی پاکستان میںجمعہ کو ایک نجی مسافر بس دور دراز پہاڑی علاقے سے پھسل کر دریائے سندھ کے کنارے جاگری۔ اس حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ آج صبح 5.30 بجے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں پیش آیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
مقامی اخبار ڈان کے مطابق یہ بس راولپنڈی سے گلگت جا رہی تھی۔ ضلع دیامر میں شاہراہ قراقرم پر گنار فارم کے قریب ڈرائیور نے اچانک کنٹرول کھو دیا اور بس الٹ گئی اور سیدھی دریائے سندھ کے کنارے پر جاگری۔ حادثے میں 21 دیگر مسافر زخمی ہو گئے۔ جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ زخمیوں کو چلاس اسپتال بھیجا گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق دیامر کے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد نے کہا ہے کہ کم از کم پانچ زخمی مسافروں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ جن میں سے دو کو گلگت شہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقے میں راحت اور بچاؤ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں فوج کے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا گیا۔ حادثہ چلاس شہر سے 20 کلومیٹر دور پیش آیا۔