ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے ضلع کے 45 عازمین حج کو ہری جھنڈی دکھا کر ڈوڈہ سے سرینگر کے لئے روانہ کیا

تاثیر،۱۰       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں ،10 مئی: جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ سے حج پر روانہ ہونے والے 45 عازمین حج کے پہلے قافلے کو ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے ایس ایس پی ڈوڈہ جاوید اقبال کے ہمراہ ہری جھنڈی دکھا کر ڈوڈہ سے سری نگر کے لیے روانہ کیا۔ پہلے قافلے میں ڈوڈہ سے 23 بھدرواہ سے چار ،ٹھاٹھری سے سات اور گندو سے گیارہ عازمین حج کے لئے روانہ ہوئے۔ ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کی طرف سے عازمین حج کے لیے تمام ضروری انتظامات اور سہولیات کو یقینی بنایا گیا۔ تاکہ وہ حج ہاؤس سری نگر تک محفوظ اور آرام سے سفر کر سکیں۔ عازمین حج ہفتہ کو بین الاقوامی ہوائی اڈے سری نگر سے سعودی عرب کے لیے پرواز کریں گے۔ عازمین حج کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی سی ڈوڈہ نے انہیں مقدس حج کا موقع ملنے پر مبارکباد پیش دی۔ انہوں نے عازمین حج کے محفوظ سفر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر اور ضلع کے امن اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کریں۔ انہوں نے حج کی اہمیت اور امن، اتحاد اور بھائی چارے کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔عازمین حج کو ڈوڈہ سے الوداع کرنے کے لئے عید گاہ ڈوڈہ سے لوگوں کی بھاری تعداد نے ایک جلوس نکالا۔جس میں ضلع انتظامیہ ، پولیس، مذہبی نمائندوں اور رضاکاروں نے شرکت کی۔ق صّبہ میں فرزندان توحید نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اللہ کی واحدانیت کے نعرے فضا میں بلند کئے۔ پرچم اسلام کی سربلندی اور خطہ میں امن و امان کی دعائیں مانگی گئیں۔