ڈی جی پی آر آر سوین نے بسنت گڑھ میں شہید وی ڈی جی محمد شریف کے گھر کا دورہ کیا

تاثیر،۷       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 7 مئی: جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آر آر سوین نے بسنت گڑھ کے پونارہ علاقے میں شہید ویلج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) محمد شریف کے گھر کا دورہ کرکے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی۔ وی ڈی جی محمد شریف بسنت گڑھ کے علاقے چھوچرو گالا میں ایک دہشت گردانہ حملے میں شہید ہو گئے تھے۔
ڈی جی پی کے ساتھ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون آنند جین، ڈی آئی جی یو آر رینج رئیس محمد بھٹ، ایس ایس پی ادھم پور جوگندر سنگھ اور ضلع ادھم پور کے دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے۔ ڈی جی پی نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ شہید کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے، انہوں نے یقین دلایا کہ جموں و کشمیر پولیس کا محکمہ سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑا ہے اور ان کے دکھ اور غم میں شریک ہے اور مزید وعدہ کیا کہ شہید کے خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ڈی جی پی نے شہید کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔ دریں اثنا ڈی جی پی نے پولیس اسٹیشن بسنت گڑھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس اسٹیشن کے کام کاج کا جائزہ لیا اور جرائم کے ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی پی نے دہشت گردی کے جرائم کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جامع انسدادی اقدامات کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا اور مزید کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا محکمہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے جرائم کے واقعات کو روکنے کے لیے حساس مقامات پر سیکورٹی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کی حفاظت کے لئے رابطے کو مزید مضبوط بنائیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والے تمام مشکوک عناصر کو ان کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے سخت نگرانی رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے ہر قسم کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔