کشتواڑ کے چھاترو میں آتشزدگی کی ہولناک واردات، ایک مدرسہ سمیت کئی عمارتیں جل کر خاکستر

تاثیر،۷       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 7 مئی: جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں پیر کی دیر شام آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں ایک مدرسہ کی عمارت سمیت کئی ڈھانچے جل کر خاکستر ہوگئے۔تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حکام نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجہ سے تباہ شدہ ڈھانچوں میں ایک مذہبی ادارے کی عمارت، پنچایت گھر اور رہائشی ڈھانچہ شامل ہیں۔
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے ایک بیان میں آتشزدگی کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے وہاں ایک غیر فعال گاڑی دستیاب رکھی ہے، جو بروقت آگ بجھانے کے کام شروع نہ کر سکی۔
سروڑی نے بتایا کہ مبینہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے تباہ ہونے والی دونوں عمارتوں کے ساتھ پنچایت گھر کی عمارت اور ایک نجی رہائشی مکان بھی جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ اگر چہ فائر سروس کی گاڑی آگ بجھانے کے لئے موقع پر پہنچ گئی تھی لیکن آگ کی لپٹوں نے چند منٹوں میں مدرسہ کی عمارت کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اگر رات کے وقت یہ واقعہ رونما ہوتا تو بھاری جانی نقصان کا خدشہ تھا۔پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔