گرو گھاسی داس سنٹرل یونیورسٹی کی طالبات نے رات گئے ہنگامہ کیا

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رائے پور، 4 مئی:سویپ ووٹر بیداری پروگرام میں حصہ لینے سے روکنے اور اپنے متعلقہ زیر التوا مطالبات سے ناراض گرو گھاسی داس سنٹرل یونیورسٹی، بلاس پور کی طالبات نے جمعہ کی رات دیر گئے ہنگامہ کیا۔ طالبات نے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے ہاسٹل کارکنوں کی حمایت سے صبح 5 بجے تک یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔
ودیارتھی پریشد کے کارکنوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے جمعہ کی شام یونیورسٹی کیمپس میں سویپ ووٹر بیداری کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا تھا، جس میں ‘سویپ میوزک فیسٹ جمہوریت اور موسیقی کا سنگم ‘ پروگرام تھا۔ اس میں تمام طلبہ کو مدعو کیا گیا تھا۔ لیکن وارڈن نے یونیورسٹی کے بلاسہ دیوی گرلز ہاسٹل کی طالبات کو پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ اس سے وہ طالبات مشتعل ہو گئیں جو اپنے دیرینہ مطالبات پر پہلے ہی ناراض تھیں۔
وارڈن کے مبینہ آمرانہ رویے سے تنگ آکر طالبات نے ہاسٹل کا دروازہ توڑا اور باہر نکل کر نعرے بازی شروع کردی۔ طالبات نے بتایا کہ چار منزلہ ہاسٹل کی لفٹ بند ہے اور جو کھانا دیا جا رہا ہے وہ غیر معیاری ہے۔ طالبات کے لیے طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے ان کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔