ہر ایک انصاف پسند شخص نتیش کمار کے ساتھ کھڑا ہے : ڈاکٹر خالد انور

تاثیر،۸       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

شیوہر پارلیمانی حلقہ میں جے ڈی یو امیدوارلولی آنند کی حمایت میں انتخابی مہم تیز 

 ڈھاکہ (مشرقی چمپارن)،8 مئی :شیوہر لوک سبھا حلقہ سے جے ڈی یو امید وار لولی آنند کی حمایت میں ان دنو ں زور و شور سے رابطہ مہم جاری ہے ۔شیوہر لوک سبھا انچارج ڈاکٹر خالد انور کی قیادت میں پوری ٹیم یہاں خیمہ زن ہے اوربڑی تیزی کے ساتھ انتخابی تشہیر جاری ہے ۔ آج چریا اسمبلی حلقہ کے تحت دِپہی چوک اور مادھو پور سمیت کئی مقامات پر میٹنگیں کی گئیں اور مقامی لوگ بالخصوص علما و دانشوران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور لولی آنند کو ووٹ دے کر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ہاتھوں کو مضبوط کر نے کی اپیل کی گئی ۔ لوگوں سےخطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بہار اور بہار کی اقلیتوں کیلئے ایک امیدکی کرن ہیں ۔ آج ہر ایک انصاف پسند شخص اس بات کا قائل ہے کہ وزیر اعلیٰ نے بہار کی ترقی کیلئے اور بہار کے مسلمانوں کے لئے جتنے کام کئے ہیں اس کی مثال ملک کی کسی دوسری ریاست میں نہیں ملتی ۔ بہار میں بڑے پیمانے پر مدرسوں کی منظوری ،مدرسوں کی ترقی اور مدرسوں کے اساتذہ کواچھی تنخواہ ،مختلف ضلعوں میں مائنوریٹی رزیڈینشیل اسکول کا قیام، وقف ملٹی پرپس بلڈنگ یہ سب ایسے تاریخی کام ہیں جو اقلیتی طبقہ کی اقتصادی اور تعلیمی ترقی میں میل کا پتھر ثابت ہو گا ۔وہ بغیر کسی بھید بھائو کے سبھوں کی ترقی کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔انہوں نے بہار کو خوف اور فرقہ پرستی سے نجات دلایا۔جنگل راج میں ڈرے اور سہمے ہوئے لوگوں کو آزادی کے ساتھ جینے کا حوصلہ دیا اور ایک پر امن فضا ہموار کیا ۔  2005 سے قبل شیوہر لوک سبھا حلقہ کی کیا صورتحال تھی۔ نہ تو اسپتال کام کر رہے تھے، نہ تو چلنے کا راستہ تھا اور نہ ہی علاقے میں کہیں ترقی کا کوئی نام و نشان تھا ۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لیتے ہی بہار کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا۔ آج جہاں نظریں دوڑتی ہیں ترقی نظر آتی ہیں ۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کی اقلیتوں کو وہ سارے حقوق دیئے ہیں جس کے وہ حقدار تھے ۔جو لوگ اقلیتوں کا دم بھرنے کا دعویٰ کر تے ہیں، در اصل انہیں صرف ووٹ سے مطلب ہو تا ہے ۔اقلیتوں کی ترقی اور مسلمانوں کے مفاد سے انہیں کوئی مطلب نہیںہے ۔ہمیں ایسے نام نہاد اقلیتوں کا دم بھر نے والی پارٹیوں سےہوشیار رہنا ہو گا اور یہ سمجھنا ہو گا کہ آئین کے مطابق ہمارے لئے کون کام کر رہا ہے ۔ ہمارے تحفظ کیلئے ، ترقی کیلئے ، مساوات کیلئے، ہماری نئی نسل کی بقا کیلئے،بہتر معاشرے کے لئے اور بہتر بہار کیلئے 18 برسو ں سے کس نے کام کیا ؟ ۔ڈاکٹر خالد انور نے لوگوں سے اپیل کی کہ نتیش کمار کے ہاتھوں کو مضبوط کر نے کیلئے شیوہر لوک سبھا حلقہ سے کھڑی جے ڈی یو امید وار لولی آنند جی کو ووٹ کریں ۔  اس موقع پرمقامی لوگوں نےبھی اپنی اپنی  باتیں رکھیں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے کاموں کو سراہتے ہوئے جے ڈی یو کو اپنی حمایت دینے کی یقین دہانی کرائی ۔آج کی رابطہ مہم میں مقامی ضلع پریشد صابر عالم ،مادھوپور پنچایت کے مکھیا ڈاکٹر فیاض عالم ،آفتاب عالم،ساجد انور،محمد عالم،پیکس صدر متین، ساجد مکھیا،سمیر عالم ،جتندر کمار،قاسم مکھیا، اور واجد شمس کا خاص تعاون رہا ۔