یونان کے فٹبال کلب اولمپیاکوس نے یوروپا کانفرنس لیگ کا خطاب جیتا

تاثیر،۳۰       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ایتھنز، 30 مئی: یونان کے فٹ بال کلب اولمپیاکوس نے بدھ کے روز ایتھنز میں اطالوی کلب فیورینٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر 2023/24 یو ای ایف اے یوروپا کانفرنس لیگ کا خطاب جیت لیا ہے۔ اولمپیاکوس فارورڈ ایوب الکابی نے اضافی وقت کے 115 ویں منٹ میں گول کر کے ریڈز آف پیریئس کو اے ای کے ایرینا اسٹیڈیم میں فتح دلائی۔
یہ جیت اولمپیاکوس کی تاریخ میں پہلی یورپی ٹرافی اور کسی بھی یونانی فٹ بال کلب کے لیے پہلا یورپی خطاب ہے۔یونانی وزیر اعظم کریاکوس متسوتاکس نے ایکس پر لکھا، ’’اولمپیاکوس نے تاریخ رقم کی۔ کلب اور تمام یونانی فٹ بال کے لیے ایک شاندار شام۔‘‘
جب ریفری نے آخری سیٹی بجائی تو یونانی شائقین اسٹیڈیم کے اندر اور باہر جشن منانے لگے۔ ہزاروں افراد میونسپلٹی کی طرف سے نصب دیوہیکل اسکرینوں پر فائنل دیکھنے کے لیے پیریئس کے مرکزی چوک میں جمع ہوئے۔دوسری جانب گزشتہ سیزن کی رنر اپ فیورینٹینا 2023 میں پراگ میں کھیلے گئے خطابی مقابلے میں ویسٹ ہیم کے خلاف 1-2 سے ملی شکست سے سنبھلنے میں ناکام رہی۔