تاثیر،۴ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 4 مئی : ممبئی انڈینس کے قدآور اسپنر پیوش چاولہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے گیندباز بن گئے ہیں۔ انہوں نے جمعہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔چاولہ نے پاور پلے کے بعد پہلی ہی گیند پر خطرناک رنکو سنگھ کو آوٹ کیا، جس سے وہ ڈوین براوو سے آگے 184 وکٹیں لے کر دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز بن گئے۔
راجستھان رائلز کے اسٹار اسپنر یجوویندر چہل اس لیگ کی تاریخ میں 200 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز ہیں۔ چنئی سپر کنگز اور ممبئی انڈینز کے سابق تیز گیندباز ڈوین براوو 123 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ سن رائزرس حیدرآباد کے تیز گیندباز بھونیشور کمار 178 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔چاولہ نے میچ میں 3 اووروں میں 15 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کی بات کریں تو کے کے آر نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے وینکٹیش ایر اور منیش پانڈے کے درمیان 83 رنوں کی شراکت کی بدولت تمام وکٹیں گنوانے کے بعد 169 رن بنائے۔جواب میں ممبئی انڈینس 18.5 اوور میں 145 رن پر آل آوٹ ہوگئی اور کے کے آر نے یہ میچ 24 رن سے جیت لیا۔ کے کے آر کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3.5 اوور میں 33 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ممبئی کی جانب سے سوریہ کمار یادو نے شاندار نصف سنچری کے ساتھ 56 رن بنائے۔

