الیکشن ڈیوٹی پر ارریہ آئے مظفر پور کے ہوم گارڈ جوان کا دل کا دورہ پڑنے سے موت۔

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ:- (مشتاق احمد صدیقی) بہار میں لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے دوران ڈیوٹی پر مامور ہوم گارڈ جوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔  اپنی جان گنوانے والے ہوم گارڈ سپاہی کا نام سدھیر کمار سنگھ بتایا جاتا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق متوفی ہوم گارڈ جوان مظفر پور کے پلواڑہ گاؤں کا رہنے والا تھا۔ لوک سبھا انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلے کے دوران بہار میں ارریہ لوک سبھا سیٹ کے لئے 7 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔ بتاتے چلیں کہ ارریہ میں منصفانہ اور خوف سے پاک انتخابات کے انعقاد کے لئے دیگر اضلاع سے بڑی تعداد میں پولس فورس، نیم فوجی دستے اور ہوم گارڈز کے اہلکار آئے ہیں۔  اسی سلسلے میں، 45 سالہ سدھیر کمار سنگھ، ایک ہوگارڈ سپاہی جو کشن گنج میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کے بعد 7 مئی کو ہونے والے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے انعقاد کے لئے ارریہ آیا تھا، جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال کر گیا۔ مظفر پور میں تعینات ہوم گارڈ کا سپاہی سدھیر کمار ارریہ ضلع کے کرساکانٹا تھانہ علاقہ کے مڈل اسکول رہتمینا میں رہ رہا تھا، گزشتہ کل کی شام دیر گئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر کرسا پی ایچ سی لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے بہتر علاج کے لئے صدر اسپتال ارریہ ریفر کر دیا۔صدر اسپتال پہنچنے پر ڈیوٹی ڈاکٹروں نے ہوم گارڈ جوان کو مردہ قرار دے دیا۔  واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مظفر پور سے ضلع انتظامیہ کے افسران اور اہل خانہ بھی دیر رات صدر اسپتال پہنچے۔ اطلاع کے بعد ہوم گارڈ کمانڈر ممتا کماری نے صدر اسپتال پہنچ کر معاملے کی جانکاری لی اور آخری رسومات کے لیے فوری طور پر 15000 روپے کا چیک متوفی کو دیا۔  رات گئے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد لاش کو پولس لائن لایا گیا۔  جہاں ایس پی امیت رنجن، ایس ڈی پی او رامپوکر سنگھ، ہوم گارڈ کی ضلعی کمانڈر ممتا کماری اور ضلع کے سینئر پولس افسران نے ان کو آخری الوداع کیا اور متوفی فوجی کی لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔