تاثیر،۱۳ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی(13مئی) پریس ریلیز۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی زیر نگرانی گزشتہ 9 مئی سے جاری مقدس سفر حج کو خوشگوار طریقے سے انجام دینے کے لیے آج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیر پرسن کوثر جہاں کی کوششوں سے دہلی کے لیفٹنینٹ گورنر جناب ونے کمار سکسینہ کی خصوصی ہدایات پر دلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر دلی ہوم گارڈ کے 30جوانوں کی تعیناتی کی گئی۔ہوم گارڈ کے یہ جوان دس دس کی تعداد کی تین شفٹوں میں اندرا گاندھی ہوائی اڈہ کے روانگی دروازے اور پی ٹی سی پر اپنی خدمات انجام دینگے۔
واضح ہو کہ ہر سال مقدس حج کے سفر کے لیے دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈہ سے سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے لیے روانگی سے متعلق مکمل انتظامات کیے جاتے ہیں۔دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے ان انتطامات میں مرکزی حکومت،دلی سرکار اور ایم سی ڈی کے مختلف محکمے کی شرکت ہوتی ہے۔اسی سلسلے میں ہر سال دلی سول ڈیفنس کے جوان حجاج کی خدمات کے لیے حج کیمپ اور ایر پورٹ پر متعین کیے جاتے تھے۔ اس سال سول ڈیفنس انتظامات ختم ہو نے کی وجہ سے دہلی حج کمیٹی نے بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ کی خدمات حاصلِ کی ہے اور اب عزت مآب لیفٹنینٹ گورنر کی خصوصی ہدایات پر دلی ہوم کارڈ جوانوں کی تعیناتی کے بعد حجاج کرام اور ان کے اہل خانہ سرکار اور حج کمیٹی کے انتظامات سے خوش اور مطمئن ہیں۔