تاثیر،۱۳ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
اناو، 13 مئی : اناو لوک سبھا سیٹ کے پرائمری اسکول میں ووٹ ڈالنے آئے بی جے پی امیدوار ساکشی مہاراج نے اپوزیشن پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ رام مندر کو بیکار بول رہے ہیں، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ہمت ہے ، ماں کا دودھ پیا ہے تو مسجد اور چرچ کا بیکار کہہ کر دکھاو۔
ووٹ ڈالنے کے بعد ساکشی مہاراج نے صحافیوں کے سوالوں کا ایک ایک کرکے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتر پردیش جیت رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی پورے پانچ سال عوامی جذبات کی بنیاد پر خدمات انجام دیتی ہے۔ جب الیکشن آتے ہیں تو عوام ہی الیکشن لڑتے ہیں۔
کیجریوال کے بیان پر ساکشی مہاراج نے کہا کہ وہ جیل جانے کے بعد بوکھلا گئے ہیں۔ ذہن نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ مودی جی ہمارے وزیر اعظم ہیں اور یوگی آدتیہ ناتھ جی ہمارے وزیر اعلیٰ ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔انتخابات سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے موضوع پر ہو رہے ہیں۔ سب سے بڑا مدعا قوم پرستی کا ہے۔ اس ملک کے لئے الیکشن ہو رہے ہیں۔ رام للا کا پانچ سو سال پرانا جھگڑا ختم ہو ا ہے ۔ پورے ملک میں صرف ایک گانا چل رہا ہے، جو رام کو لائے ہیں، ہم اْنہیں لائینگے۔