رفح پر اسرائیلی حملے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

تاثیر،۲۸       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نیویارک،28مئی:غزہ کے شہر رفح پر اسرائیلی فوج کی شدید بمباری میں شہریوں کی اموات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ منگل28 مئی کو ہنگامی اجلاس الجزائر کی درخواست پر بلایا گیا ہے جو کہ 15 رکنی کونسل کے ایک غیر مستقل رکن ہیاور اسے سلووینیا کی حمایت حاصل ہے۔اتوار کے روز، اسرائیلی جنگی طیاروں نے رفح کے شمال مغرب میں بے گھر افراد کی خیمہ بستی پر میزائل حملہ کیا، جس میں کم از کم 45 فلسطینی جان کھو بیٹھے۔
عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں نے متاثرین کی پہلے سے مایوس کن صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے،یہ ہولناکی اب بند ہونی چاہیے۔گذشتہ جمعے کو عالمی عدالت انصاف جنوبی افریقہ کی طرف سے دائر درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے اسرائیل کو حکم دیا تھا کہ وہ فوراً رفح میں فوجی آپریشن روک دے۔دا ہیگ میں مقدمے کا فیصلہ مختلف ملکوں کے 14 مستقل ججوں کے پینل کے علاوہ اسرائیل کی طرف سے مقدمے میں فریق کے طور پر مقرر کردہ ایک اضافی ایڈہاک جج نے سنایا تھا۔عدالت نے 2-13 کے اکثریتی فیصلہ میں کہا تھا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو غزہ میں رسائی دے اور عدالتی حکم کی تکمیل کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے۔