قومی راجدھانی دہلی میں رات کو آئے آندھی -طوفان سے دو افراد ہلاک، 23 زخمی

تاثیر،۱۱       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 مئی: جمعہ کی دیر رات دہلی-این سی آر میں موسم اچانک خراب ہوگیا۔ دھول بھری تیز آندھی اور طوفان نے لوگوں کو سنبھلنے تک کا موقع بھی نہیں دیا جس کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔ ہوا کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کے قریب تھی۔ اس دوران دہلی کے بیشتر علاقوں میں زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔
دہلی کے بیشتر علاقوں میں بڑی تعداد میں درخت اکھڑ گئے۔ ہاوسنگ سوسائٹیز کے علاقے بھی اس سے بچ نہیں سکے۔ درختوں کی شاخیں ٹوٹ کر سڑک پر گر گئیں۔ ہوا نے کئی مقامات پر ٹین – ٹپر اڑا دیے۔ دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر کے مطابق، پولیس کو درخت گرنے کے بارے میں 152، گھروں میں دراڑیں پڑنے کے بارے میں 55 اور بجلی کے تاروں کے ٹوٹنے اور گرنے کے بارے میں 202 کالیں موصول ہوئیں۔ درخت گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے۔ طوفان کے دوران عمارتوں کو نقصان پہنچنے سے 17 افراد زخمی ہوئے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، انہیں کل دیر رات شدید طوفان کے دوران تقریباً 130 کالیں موصول ہوئیں۔
ان علاقوں میں ہوئی پریشانی
تیز آندھی اور طوفان کی وجہ سے مشرقی اضلاع کے کئی علاقوں میں درختوں کے گرنے، درختوں کی بڑی شاخوں کے ٹوٹنے اور ٹن اڑ جانے وغیرہ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ سے سوسائٹیوں کی سیکورٹی کے لیے تعینات گارڈز وغیرہ کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان اضلاع کے ان علاقوں میں پیڑ وغیرہ کے ٹوٹنے کے زیادہ واقعات پیش آئے، جہاں پر ایریا کھلا اور ہرا- بھرا ہے۔شاہدرہ، اشوک نگر، ایل آئی جی فلیٹس، لونی روڈ، گوکل پوری، جیوتی کالونی، سبولی، منڈولی، ہرش وہار، نند نگری، وشواس نگر، کرشنا نگر، ویلکم، کھجوری، سونیا وہار کے علاوہ دوارکا موڑ میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔