مانسون سے قبل بارش میں ایک مہینے کے اندر 46 افراد نے گنوائی جان

تاثیر،۲۷       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بینگلورو، 27 مئی: ریاست کے ڈیسیاسٹر منیجمنٹ سنیٹر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ریاست میں ہوئی ما ہ قبل مانسون برسات کے دوران گزشتہ ایک مہینے کے اندر جملہ 46 افراد نے اپنی جان گنوائی ہے۔ اس کے علاوہ 400 مویشی مارے گئے ہیں۔ سینٹر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے ولے دنوں میں ان اعداد و شمار میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔سینٹر کا کہنا ہے کہ اس وقت جو اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں وہ 23 مئی تک کے لئے ہیں۔ موت کا شکار ہونے والے 46 افراد میں 35 لوگ بجلی کی زد میں آنے سے اور 7 افراد ڈوبنے سے اور چار لوگوں کمپاونڈ کی دیواریں گرنے سے ہلاک ہوئے۔ زیادہ تر مویشی آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ماقبل مانسون برسات کے دوران بادلوں کی زبردست گھن گرج اور بجلیاں گرنے کے واقعات ہوتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کو زیادہ تر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے اس طرح کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ پانچ سالوں کے مقابلے میں امسال انسانی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ تین سال کے عرصے میں ہلاک ہونے والے افراد 20 سے زیادہ نہیں تھی اور مویشیوں کی ہلاکتیں 200 تک ہی محدود تھیں۔ سوشیل ورکر آر ڈی بنگیرا کا کہنا ہے کہ ابھی تک مانسون شروع بھی نہیں ہوا ہے اور اتنی ہلاکتیں واقع ہو چکی ہیں۔ اس کا مطلب یہی ہے کہ لوگوں کے اندر بجلیوں اور بادل کی گرج کے موقع پر ضروری احتیاطی اقدامات کے سلسلے میں ابھی پوری طرح بیداری نہیں آئی ہے۔ ڈیسیاسٹر منیجمنٹ سینٹر کے ذمہ داران کو اپنی توجہ عوام کو باخبر کرنے اور بیداری لانے کے نکتے پر مرکوز کرنا چاہیے۔