تاثیر،۹ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 09 مئی:جمعرات کو کولکاتا میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران، سی پی آئی (ایم) اور ترنمول کانگریس کے حامیوں کے درمیان اس وقت گرما گرم بحث ہوئی جب ان کے جلوس آمنے سامنے آگئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں پارٹیوں کے حامی لوک سبھا انتخابات کے لیے بائیں محاذ کے پانچ امیدواروں اور ترنمول کے ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے علی پور ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کے دفتر گئے تھے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان گرما گرم بحث اور نعرے بازی ہوئی۔ ہاتھا پائی ہوئی لیکن پولیس کی بھاری نفری نے فوری مداخلت کرکے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روک دیا۔جبکہ ترنمول کی مالا رائے باوقار کولکاتا جنوبی حلقہ سے دوبارہ انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے آئی تھیں۔ ان کی سی پی آئی (ایم) حریف سائرہ شاہ حلیم بھی کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لیے یہاں موجود تھیں۔سی پی آئی (ایم) کے سریجن بھٹاچاریہ جادو پور سیٹ کے لیے، پرتیکور رحمان ڈائمنڈ ہاربر کے لیے، شرت چندر ہلدر متھرا پور اور سمریندر ناتھ منڈل، جے نگر حلقہ کے لیے آر ایس پی امیدوارکاغذات نامزدگی دفتر پہنچ گئے۔ رائے نے جب پرچہ نامزدگی داخل کیا تو ترنمول کے حامی بھی وہاں موجود تھے۔ دونوں پارٹیوں کے کارکن آمنے سامنے آئے تو کارکنوں میں شدید بحث و تکرار ہوئی۔