تاثیر،۱۶ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 مئی: دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کا جمعرات کی رات کو بیرون ملک بیٹھے گینگسٹر ہمانشو عرف بھاو گینگ کے بدنام شوٹر اجے سنگھروہا عرف گولی سے انکاونٹر ہوا ۔
تصادم میں گولی لگنے سے اجے سنگروہا کی موت ہو گئی۔ پولیس نے اس کے پاس سے دو پستول اور کارتوس برآمد کیے ہیں۔ وہ ہریانہ کے روہتک ضلع کے گاوں رتولی کا رہنے والا تھا۔
دہلی پولیس کے مطابق 6 مئی کو اجے سنگھروہا عرف گولی نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر تلک نگر میں ایک کار شوروم میں اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ وہ قتل کے ایک مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ اس نے 10 مارچ کو مرتھل کے گلشن ڈھابہ میں سندر نامی شخص کو دن دیہاڑے قتل کر دیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق اسپیشل سیل کو رات تقریباً 11:30 بجے اطلاع ملی تھی کہ اجے سنگھروہا عرف گولی باہری دہلی کے گاوں کھیڑا خورد میں پہنچنے والا ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس ٹیم نے علاقے میں جال بچھا دیا۔ اسے مقررہ جگہ کی طرف بڑھتے دیکھا گیا۔
پولیس نے اسے رکنے کا اشارہ کیا اور اسے ہتھیار ڈالنے کو کہا۔ خود کو گھیرے میں دیکھ کر اس نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ مجبوراً پولیس کو بھی گولی چلانی پڑی اور وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس وقت ضائع کیے بغیر اسے قریبی اسپتال لے گئی۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

