تلنگانہ یوم تاسیس پر سونیا نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت تمام گارنٹیوں کو پورا کرے گی

تاثیر۲       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 2 جون : ریاست تلنگانہ کے قیام کے 10 سال مکمل ہونے پر ملک بھر کے قائدین کی جانب سے مبارکبادی پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے اس موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں ریاست کے عوام کو مبارکباد دی اور ایک علیحدہ ریاست بنانے میں کانگریس پارٹی کے تعاون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ریونت ریڈی حکومت تمام گارنٹیوں کو پورا کرے گی۔
آندھرا پردیش سے علیحدہ ہوکر تلنگانہ ریاست کے قیام میں درپیش مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے سونیا نے کہا کہ 2004 میں کریم نگر میں انہوں نے تلنگانہ کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کانگریس پارٹی الگ ریاست کے ان کے خواب کو پورا کرے گی۔ اس بیان کے بعد ان کی اپنی پارٹی میں بھی اختلاف پیدا ہو گیا۔ بہت سے لوگوں نے ہماری پارٹی کو بھی چھوڑ دیا، لیکن لوگوں کے صبر اور عزم نے انہیں تلنگانہ کے خواب کو پورا کرنے کی طاقت، ہمت اور تحریک دی۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں نے ایک خوشحال اور ترقی یافتہ تلنگانہ کی تعمیر کی ذمہ داری کانگریس پارٹی کو سونپی ہے۔ وہ ان تمام خوابوں کو پورا کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے۔انہوں نے ریاست کے عوام کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی قیادت والی کانگریس حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔