جسپریت بمراہ ٹی۔20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کے لیے تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز بن گئے

تاثیر۱۰       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10 جون : ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ ٹی-20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے گیندباز بن گئے ہیں۔ بمراہ نے اس معاملے میں ہاردک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بمراہ نے یہ کارنامہ نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی۔20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف میچ میں انجام دیا۔ بھارت نے یہ میچ چھ رنوں سے جیتا تھا۔
بمراہ نے میچ میں 3.50 کے اکانومی ریٹ سے چار اوور میں صرف 14 رن دے کر تین وکٹ لئے۔ بمراہ نے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور افتخار احمد کی وکٹیں لیں۔
بمراہ نے 64 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 18.67 کی اوسط اور 6.44 کی اکانومی ریٹ سے 79 وکٹیں حاصل کی ہیں، جس میں 3/11 کے بہترین اعداد و شمار ہیں۔ ہاردک نے 94 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 4/16 کے بہترین اعداد و شمار کے ساتھ 78 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹی۔20 فارمیٹ میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے اسپنر یوزویندر چہل ہیں، جنہوں نے 80 میچوں میں 25.09 کی اوسط سے 96 وکٹیں اور 6/25 کے بہترین اعداد و شمار کے ساتھ 8.19 کی اکانومی ریٹ حاصل کی ہیں۔ دوسرے نمبر پر بھارت کے سوئنگ اسپیشلسٹ بھونیشور کمار ہیں جنہوں نے 87 میچوں میں 23.10 کی اوسط اور 6.96 کے اکانومی ریٹ سے 90 وکٹیں حاصل کیں اور ان کی بہترین کارکردگی 5/4 رہی۔
نیوزی لینڈ کے تجربہ کارتیز گیند باز ٹم ساوتھی ٹی-20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز ہیں جنہوں نے 123 میچوں میں 23.15 کی اوسط اور 8.13 کی اکانومی ریٹ سے 157 وکٹیں حاصل کیں جس میں ان کی بہترین کارکردگی 5/13 رہی ہے۔
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کے لئے مدعو کیا۔ تاہم، ہندوستانی بلے باز اس مشکل سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور اسٹار اوپنر وراٹ کوہلی (4) اور روہت شرما (13) بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ رشبھ پنت (31 گیندوں میں 42 رن، چھ چوکے) ایک مختلف پچ پر کھیل رہے تھے اور انہوں نے اکشر پٹیل (18 گیندوں میں 20 رن، دو چوکے اور ایک چھکا) اور سوریہ کمار یادیو (آٹھ گیندوں میں سات رنز، ایک چھکا) کے ساتھ مفید شراکت داری کی۔ تاہم اتنی مشکل پچ پر رن بنانے کے دباو میں لوئر مڈل آرڈر گر گیا اور بھارت 19 اوورز میں صرف 119 رن بنا سکا۔
پاکستان کی جانب سے حارث روف اور نسیم شاہ نے 3،3، محمد عامر نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے زیادہ متوازن انداز اپنایا اور محمد رضوان (44 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رن) نے ایک سرا سنبھالے رکھا۔ تاہم، بمراہ (3/14) اور ہاردک پانڈیا (2/24) نے بھی کپتان بابر اعظم (13)، فخر زمان (13)، شاداب خان (4)، افتخار احمد (5) کی اہم وکٹیں حاصل کرکے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا۔ آخری اوور میں 18 رن درکار تھے، نسیم شاہ (10*) نے پاکستان کی جیت کے لئے کوشش کی تاہم، ارشدیپ سنگھ (1/31) نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان چھ رن سے پیچھے رہ جائے۔ بمراہ نے اپنے میچ جیتنے والے اسپیل کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ’ کا ایوارڈ جیتا۔