جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر لیکن دہشت گرد اب بھی موجود: فاروق عبداللہ

تاثیر۱۱      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بارہمولہ، 11 جون:نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیرمیں سیکورٹی کے حالات میں بہتری کے باوجود، دہشت گردوں کی موجودگی اب بھی تشویش کا باعث ہے۔ ریاسی حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ یہ واقعی بدقسمتی کی بات ہے کہ یاترا کے لیے آنے والے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سیکیورٹی کا منظر نامہ بہتر ہوا ہے لیکن دہشت گردوں کی موجودگی پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس وحشیانہ حملے کی مذمت کی اور سب پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ پرامن وادی میں ان دہشت گردوں کی نقل و حرکت بند ہو، کیونکہ یہ ہماری مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ شری امرناتھ یاترا کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ ہر سال یاترا کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ یاتری پرامن طریقے سے جا سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال کی یاترا بھی انشاء￿ اللہ پرامن طریقے سے انجام پائے گی۔