طویل چھٹی پر گئے محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے کے پاٹھک

تاثیر۲       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ ، 02 جون: بہار کے محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے کے پاٹھک کی چھٹی منظور کر لی گئی ہے۔ حکومت بہارکے محکمہ تعلیم میں ایڈیشنل چیف سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں کے کے پاٹھک نے دو دن قبل چھٹی کے لئے درخواست دی تھی ، جسے قبول کر لیا گیا ہے۔ اب کے کے پاٹھک کے چھٹی پر جانے کے بعد وزیر اعلی کے پرنسپل سکریٹری ایس سدھارتھ کو محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کوچارج مل گیا ہے۔محکمہ کی طرف سے جاری کردہ خط کے مطابق کے کے پاٹھک 3 سے 30 جون تک چھٹی پر رہیں گے۔ پاٹھک نے طویل رخصت کے لیے درخواست دی تھی۔ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اتوار کے روز اس کی منظوری دیتے ہوئے ایک خط بھی جاری کیا ہے۔ کے کے پاٹھک کے چھٹی پر جانے کے حوالے سے ہر طرح کی باتیں سامنے ا?رہی ہیں۔ کچھ کہتے ہیں کہ پاٹھک ناراض ہو کر رخصت پر جا رہے ہیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ وہ ثانوی تعلیم کے ڈائریکٹر کنہیا پرساد سریواستو کی توسیع چاہتے تھے، جو جمعہ کو ریٹائر ہو گئے تھے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اس وجہ سے چھٹی پر جا رہے ہیں۔
کچھ لوگ کے کے پاٹھک کے چھٹی پر جانے کی وجہ کو اسکول کے اوقات اور اساتذہ کی چھٹی کے تنازعہ سے بھی جوڑ رہے ہیں۔ دراصل شدید گرمی کی وجہ سے اسکولوں میں بچوں کی صحت خراب ہو رہی تھی جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے اسکولوں میں چھٹیوں کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم نے بچوں کو چھٹی دے دی تھی لیکن اساتذہ کو ڈیوٹی پر لگا دیا تھا جس پر شدید احتجاج کیا گیا۔