مراد آباد: مسجد کے امام کو کھیت میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا

تاثیر۱۰      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مرادآباد، 11 جون: میٹرو پولیٹن کے کٹگھر تھانہ علاقے میں واقع بھینسیا گاؤں میں منگل کی صبح ایک مسجد کے امام کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ نامعلوم شخص نے مقتول امام کو گاؤں کے کھیت میں بلایا اور وہاں اس نے پستول سے گولی مار کر قتل کردیا۔ مقتول کے پاس سے ایک دیسی ساختہ پستول پڑا ہوا ملا۔کٹگھر کے بھینسیا گاؤں کی بڑی مسجد کے امام مولانا اکبر گاؤں میں ہی رہتے تھے۔ آج صبح تقریباً 5 بجے مولانا کو ان کے فون پر ایک نامعلوم شخص کا فون آیا اور وہ ان سے ملنے گاؤں کے کھیت میں گئے۔ اسی دوران نامعلوم ملزمان نے غیر قانونی دیسی ساختہ پستول سے امام کو سینے کے قریب گولی مار کر قتل کردیا اور پستول لاش کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔منگل کی صبح جب مولانا فجر کی نماز پڑھنے مسجد نہیں پہنچے تو ان کی تلاش شروع کردی گئی۔ جب ہم نے مولانا کے گھر دریافت کیا کہ وہ کہاں گئے ہیں تو گھر والوں نے بتایا کہ آج صبح فون آنے پر وہ گھر سے نکلے ہیں۔ اس کے بعد گاؤں کے کسی شخص نے اطلاع دی کہ امام کی خون میں لت پت لاش گھر کے قریب کھیت میں پڑی ہے۔مسجد کے امام کے قتل کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے شہر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اکھلیش بھدوریا نے بتایا کہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ ایس پی سٹی نے کہا کہ امام کے قتل کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جلد قاتلوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔