ممتا حکومت اب یوگیہ شری اسکیم میں اقلیتوں کو بھی شامل کرے گی

تاثیر۱۱      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 11 جون : اب اقلیتی طلبہ کو بھی مغربی بنگال میں دلت اور مہادلت طلبہ کی انجینئرنگ اور میڈیکل ٹریننگ کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی یوگیہ شری اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کو اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر لکھا کہ انجینئرنگ اور میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے طلباء￿ کو مکمل طور پر مفت تربیت فراہم کرنا ہے۔”
اس کے بعد ممتا نے لکھا، ’’ہم اس اسکیم میں اقلیتی، او بی سی اور جنرل زمرے کے طلبہ کو بھی شامل کریں گے۔‘‘سی ایم نے کہا کہ 2024 کے اس امتحان میں ہمارے یوگیہ شری بچوں نے جے ای ای (ایڈوانسڈ) میں 23 رینک (بشمول 13 آئی آئی ٹی رینک)، جے ای ای (مین) میں 75 رینک، ڈبلیو بی جے ای ای میں 432 رینک اور این ای ای ٹی میں 110 رینک حاصل کیے ہیں۔ ان سخت مقابلہ جاتی امتحانات میں یہ نتیجہ پچھلے سال کے نتائج سے بہت بہتر ہے۔ یوگیہ شری کی زبردست کامیابی سے حوصلہ پاتے ہوئے، ہم اسے بڑے پیمانے پر کر رہے ہیں۔ ریاست بھر میں کل 50 مراکز کھولے گئے ہیں جہاں دو ہزار سے زیادہ ایس سی/ ایس ٹی بچے تربیت حاصل کریں گے۔ اب گیارہویں جماعت سے ٹریننگ شروع ہوگی۔ اس میں بچے بہتر تیاری کر سکتے ہیں۔ہمارے پسماندہ طبقے کے لڑکے اور لڑکیاں بڑی تعداد میں انجینئر اور ڈاکٹر بنیں – میں یہی چاہتی ہوں۔ اس بار اقلیتی، او بی سی اور جنرل زمرہ کے بچے بھی حصہ لیں گے۔ میری طرف سے سب کو مبارک ہو۔