میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر دوں: بابر اعظم

تاثیر۲       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،02جون:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کے حالات کے حساب سے بیٹنگ کرتا ہوں، میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر دوں۔
بابر اعظم نے پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس وقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور وہ ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا جس کے لیے ہم سب کو ایک ہو کر کھیلنا ہو گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ بحیثیت کپتان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکا ہوں اب ٹرافی جیتنا چاہتا ہوں۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے، یہ پریشر گیم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پر توجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکہ میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہو رہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہوں گی اور مختلف گراؤنڈز ہوں گے اور مختلف ماحول ہو گا۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ بحیثیت کپتان تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، میری کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے اب ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتا ہوں لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہو گی، بد قسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے، اس بار وہ غلطیاں دہرانا نہیں چاہتے۔
بابر اعظم نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ تجربہ بہت وسیع ہے، ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔