ناسک میں فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ بال بال بچے

تاثیر۴       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 04 جون : ایئر فورس کا جنگی طیارہ سکھوئی- 30 منگل کی دوپہر ناسک ضلع کے پمپلگاوں کے شیرس گاوں میں ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے کے دونوں پائلٹ بروقت پیراشوٹ کی مدد سے باہر نکل آئے جس کی وجہ سے دونوں بال بال بچ گئے۔ فضائیہ کی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور طیارے میں لگی آگ کو بجھانے کا کام جاری ہے۔ پمپلگاوں کے شرس گاوں علاقے میں اس کھیت میں کوئی نہیں تھا، اس وجہ سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔
فضائیہ کا لڑاکا طیارہ سکھوئی – 30 دوپہر تقریباً 12 بجے ناسک کے شرس گاوں علاقے میں ایک کھیت میں اچانک گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں طیارہ حادثے کے بعد دو ٹکڑوں میں منقسم ہو گیا اور طیارے میں آگ لگ گئی۔ فی الحال جائے وقوعہ پر دھواں پھیلا ہوا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے کے بعد طیارے کو دیکھنے کے لیے جائے حادثہ پر شہریوں کی بھیڑ امڈ پڑی۔ حادثے کی واضح وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ فضائیہ فی الحال حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا۔