نیٹ یوجی امتحان کے نتائج کے حوالے سے طالبات نے بی ایچ یو گیٹ پر مظاہرہ کیا

تاثیر۸       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وارانسی ، 08 جون:نیٹ یو جی امتحان کے نتائج کو لے کر میڈیکل امتحان کی تیاری کرنے والے طلباء کا غصہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ہفتہ کے روز بڑی تعداد میں طالبات بی ایچ یو کے سنگھ گیٹ پر جمع ہوئیں اور نیٹ یو جی امتحان کے نتائج کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید گرمی میں زبردست مظاہرہ کیا۔طالبات کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی فورس کے ساتھ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ طالبات کے غصے کو دیکھ کر پولیس اہلکاروں نے انہیں تسلی دی اور واپس بھیج دیا۔ ایک گھنٹے سے زیادہ چلچلاتی گرمی میں احتجاج کے دوران طالبات نے بتایا کہ اس سال نیٹ یو جی امتحان 2024 میں تقریباً 24 لاکھ طالبات نے حصہ لیا تھا۔ ان میں سے تقریباً 13 لاکھ طلبہ پاس ہوئے۔ ایسا پہلی بار ہوا جب بیک وقت 67 طلباء نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی مرکز کے 8 طلبہ نے 720 میں سے 720 نمبر حاصل کیے۔ ان تمام طلباء نے 100 فیصد نمبر حاصل کئے۔ این ٹی اے، اس امتحان کا انعقاد کرنے والی تنظیم سوالوں کی زد میں ہے۔ایسی صورت حال میںنیٹ یو جی امتحان کا نتیجہ منسوخ کر دینا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ نیٹ یو جی امتحان کا نتیجہ 4 جون کو جاری کیا گیا تھا۔ نتائج آنے کے بعد سے طلبہ ناراض ہیں۔ نوجوان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر این ٹی اے پر دھاندلی کا الزام بھی لگا رہے ہیں۔ شہر کے مختلف کوچنگ اداروں میں بھاری فیسیں ادا کرکے امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ میں بھی ناراضگی پائی جاتی ہے۔