وارانسی : سالار پورہ میں غازی میاں کے عرس میں امڑا عقیدت مندوں کا ہجوم

تاثیر۲       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 2 جون: بنارس شہر کے سالار پورہ میں واقع حضرت سید سالار مسعود غازی (غازی میاں) کے مزار پر عقیدت مندوں کا ہجوم دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے عرس پر غازی میاں کے مقبرے پر لگنے والے میلے میں بنارس اور آس پاس کے علاقوں سے زائرین فاتحہ، گلپوشی اور چادر چڑھانے کے لئے جمع ہورہے ہیں۔ عرس کے موقع پر جلوس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔جلوس میں زائرین اور گردونواح کے لوگ بھی پورے جوش و خروش سے شرکت کرتے ہیں۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا سالار پورہ میں غازی میاں کے محل پہنچتا ہے۔ یہاں شادی کی رسومات ادا کرتے ہوئے خواتین آستانہ کے تینوں دروازے بند کر کے گیت گاتی ہیں۔درگاہ کمیٹی کے چیئرمین حاجی اعجازالدین ہاشمی نے کہا کہ صدیوں سے ہر سال دھوم دھام سے جلوس نکالا جاتا ہے، تمام رسومات ادا کی جاتی ہیں۔ میلے میں مسلم اور ہندو دونوں برادریوں کے لوگ جوش و خروش سے شرکت کرتے ہیں۔ دوسری جانب آستانہ کے قریب عقیدت مند صبح سے رات تک مرغیوں کی قربانی کرتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں کے بال بھی منڈواتے ہیں۔ درگاہ پر بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے منت مانی جاتی ہے۔ میلے میں سلطان کلب کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ اور گمشدہ بچوں کے لئے امدادی کیمپ بھی لگایا جاتا ہے۔