ٹیلی کنسلٹنسی کے ذریعہ 2.77 لاکھ مریض اپنے علاج کیلئے پہنچے صحت مراکز

تاثیر۱۱      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

  سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) دور دراز علاقوں میں مریضوں کے علاج میں ٹیلی کنسلٹنسی کا کردار اہم معلوم ہوتا ہے ۔ ٹیلی کنسلٹنسی کے ذریعہ مریض انٹرنیٹ کے ذریعے ماہر ڈاکٹروں سے براہ راست جڑے ہوتے ہیں ۔  اپنے گھر کے قریب واقع مرکز صحت پہنچ کر ماہر ڈاکٹر سے مشورہ لے رہے ہیں ۔ صرف 365 دنوں میں 2.77 لاکھ مریضوں نے ٹیلی کنسلٹنسی کی سہولت حاصل کی ہے ۔  جہاں بتایا گیا کہ ایک سال میں مریضوں کی تعداد میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے ۔ کورونا کے دور میں جب تمام او پی ڈی خدمات متاثر ہوئی تھیں، وزارت صحت نے ای سنجیونی کے ذریعہ ٹیلی کنسلٹنسی او پی ڈی شروع کی تھی، ضلع میں ٹیلی کنسلٹنسی کے آغاز سے اب تک لاکھوں مریض مستفید ہو چکے ہیں ۔ محکمانہ معلومات کے مطابق سال 2022-23 میں ٹیلی کنسلٹنسی کے ذریعہ کل 66738 مریضوں کا علاج کیا گیا تھا جبکہ سال 2023-24 میں ٹیلی کنسلٹنسی کے ذریعہ علاج کرانے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 277796 ہو گئی ہے ۔ انچارج سول سرجن ڈاکٹر اشوک کمار نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن کی سہولت سے مریضوں کو کافی فائدہ کے ساتھ دور دراز علاقوں میں رہنے والے مریضوں کیلئے یہ سسٹم بہت ہی کارگر ثابت ہو رہا ہے ۔