کرن رجیجو کو وزیر اقلیتی اور پارلیمانی امور کا قلمدان سونپا گیا

تاثیر۱۱      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جناب جارج کورین نے اقلیتی امور کی وزارت میں وزیر مملکت کا عہدہ سنبھالا
نئی دہلی _ 11 ،جون ؛ مودی حکومت نے سینر وزیر کرن رجیجو کو اقلیتی امور کا وزیر بنایا ہے اس کے علاوہ انہیں
پارلیمانی امور کا وزیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ معیاد میں اقلیتی امور کے وزیر کی حیثیت سے بی جے پی کی خاتون رکن پارلیمنٹ اسمرتی ایرانی نے خدمات انجام دی تھی لیکن انھیں انتخابات میں میں شکست ہوئی۔ جس کے باعث اس مرتبہ کرن رجیجو کو اقلیتی امور کی ذمہ داری دی گئی ہے کیونکہ 2022 میں مختار عباس نقوی کی راجیہ سبھا کی میعاد ختم ہونے کے بعد یہ ذمہ داری اسمرتی ایرانی کی سونپی گئی تھی۔کرن رجیجو اروناچل پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک  سیاست دان ہیں جو 2023 اور 2024 سے حکومت ہند میں ارتھ سائنسز اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے کابینہ وزیر ہیں اور 2014 اور 2004 سے 2009 تک اروناچل ویسٹ سے لوک سبھا میں پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔اس سے قبل، انہوں نے 2014 سے 2019 تک وزیر مملکت برائے داخلہ، 2019 سے 2021 تک اقلیتی امور کے وزیر مملکت، 2019 سے 2021 تک کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور  2021 سے 2023 تک وزیر قانون کے طور پر خدمات انجام دیں۔
جناب جارج کورین نے آج یہاں اقلیتی امور کی وزارت میں وزیر مملکت کا عہدہ سنبھال لیا۔ جناب کورین کو 09 جون 2024 کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں، صدر جمہوریہ نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا تھا۔  جناب کورین کے سکریٹری جناب سرینواس کاتی کیتھلا اور وزارت کے دیگر سینئر افسران نے جناب جارج کورین کا  خیرمقدم کیا۔جناب کورین کا تعلق ایتومنور کے نمبیاکلم سے ہے۔ جناب  کورین ایل ایل بی گریجویٹ ہیں اور ماسٹر آف آرٹس میں پوسٹ گریجویشن کر چکے ہیں۔ وہ سپریم کورٹ آف انڈیا میں قانون کی پریکٹس کرتے ہیں۔ اس سے قبل وہ اقلیتوں کے قومی کمیشن کے وائس چیئرمین رہ چکے ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے، جناب کورین نے یہ موقع فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ملک کی اقلیتی برادریوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔