کلّاپو کی گلوبل مارکیٹ میں لگی آگ – 20 دکانیں جل کر خاک – کروڑوں روپوں کا نقصان

تاثیر۱۰       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

منگلورو،10 / جون : الال پولیس اسٹیشن کی حدود میں آنے والے کلّاپو میں موجود گلوبل مارکیٹ میں ہولناک آگ لگی جس کے نتیجے میں 5 بڑی اور 20 چھوٹی دکانیں جل کر خاک ہوگئیں اور اس کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق گلوبل مارکیٹ کی بند دکانوں میں آگ لگنے کی بات صبح 2:30 معلوم ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس آگ نے ایک دوسرے سے متصل دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ نے بڑی چابکدستی سے آگ کو بروقت قابو میں کر لیا جس کی وجہ سے آس پاس موجود دیگر 60 دکانوں تک یہ آگ پھیل نہیں پائی۔اس بھیانک آگ کی وجہ سے جن دکانداروں کو بڑا نقصان ہوا ہے ان میں ایس این فروٹس کے مالک نوید جنہیں ایک کروڑ روپے، کے ایف کے دکان کے مالک سہیل 40 لاکھ روپے، کے کے فروٹس کے مالک عبداللطیف 70 لاکھ روپے، انڈین کے مالک عبداللطیف 60 لاکھ روپوں کے علاوہ 15 سے 20 لاکھ روپوں کا نقصان ہونے والوں میں ذوالفقار، ناصر، عبدالسلام وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امیر، امتیاز اور گنیش وغیرہ کی چھوٹی دکانیں بھی جل کر پوری طرح برباد ہوگئی ہیں۔