امریکی اور مصری وزرائے خارجہ میں ٹیلیفونک رابطہ، غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق

تاثیر۲       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

قاہرہ،02جون:مصر اور امریکہ نے غزہ میں جنگ کے خاتمے، جنگ بندی کے قیام، کراسنگ کھولنے اور امداد کی فراہمی کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے غزہ کی پٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے فون کیا۔سرکاری ترجمان اور پبلک ڈپلومیسی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سفیر احمد ابو زید نے بتایا کہ دونوں وزراء نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن کی اعلان کردہ تجویز پرمصر، قطر اور اقوام متحدہ کی طرف سے ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
فون کال کے دوران وزیرخارجہ سامح شکری نے غزہ کی پٹی کے خلاف اسرائیلی جنگ کے خاتمے، فوری اور مستقل جنگ بندی، قیدیوں اور زیر حراست افراد کے تبادلے اور فلسطینی عوام کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کی مکمل رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مصر کی مساعی کی حمایت پر زور دیا۔سفیرابو زید نے مزید کہا کہ دونوں وزراء￿ نے غزہ میں موجودہ انسانی بحران کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ سامح شکری نے امداد پہنچانے کے لیے اسرائیل اور غزہ کے درمیان تمام زمینی گذرگاہوں کو کھولنے اور بین الاقوامی امدادی عملے کو کام کرنے کے لیے محفوظ حالات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں وزراء￿ نے غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کے خاتمے اور پٹی میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران کے خاتمے کے لیے قریبی مشاورت اور رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔