بارش کاپانی گھروں میں داخل ہونے سے مشتعل لوگوں نے سڑک جام کراحتجاج کیا۔

تاثیر۲۰      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) سکٹی بلاک کی پنچایت بوکنتری کے بھوتہا گاؤں کے وارڈ نمبر دو میں شدید بارش کی وجہ سے پانی بھر جانے سے تقریباً پچاس کنبوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ گاؤں والوں نے صبح 11: 30 بجے سے اے وی ایم سکٹی روڈ کوجام کر خوب احتجاج کیا۔ زونل آفیسر کو جب اس کی اطلاع ملی تو آپ فوراً جام کے مقام پر پہنچے اور آپ نے جام کنندگان کو سمجھایا اوریقین دلایا کہ پانی کی نکاسی کا مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔ پھر مشتعل گاؤں والوں نے جام ہٹا دیا۔ روڈ جام کے دوران مقامی لوگوں نے بوکنتری پنچایت کے مکھیا اور مقامی بلاک انتظامیہ کے خلاف خوب خوب احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، جام کے سبب آنے جانے والوں کو بہت زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ گاؤں والوں نے سڑک پر ٹاٹ اور بانس کی لاٹھیاں رکھ کر اے وی ایم سکٹی روڈ کو بری طرح جام کر دیا تھا۔ جن کے گھروں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ان میں تارا دیوی، سریندر منڈل، سنجے منڈل سمیت درجنوں لوگوں نے الزام لگایا کہ نالے کی تعمیر تو ہوچکی ہے، لیکن نالے سے پانی نہیں نکالا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے وارڈ نمبر دو کے پچاس کے قریب خاندانوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے لوگوں کا سارا سامان برباد ہو گیا۔ یہاں سی او نے بتایا کہ پانی نکالنے کے لیے نالہ بنایا گیا ہے۔ لیکن پانی کےنکاسی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پانی بہت زیادہ مقدار میں جممع ہوگیا اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔