بھیم آرمی چیف چندر شیکھر نے نگینہ سے جیت درج کی، سرٹیفکیٹ ملا

تاثیر۴       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 4 جون: لوک سبھا انتخابات 2024 میں اتر پردیش میں ایک بڑی سیاسی ہلچل سامنے آئی ہے۔ یہاں سماج وادی پارٹی (ایس پی) لوک سبھا انتخابات میں اہم کردار میں ابھری ہے۔ اس ہلچل کے درمیان مغرب اتر پردیش کی نگینہ سیٹ پر نتائج نے حیران کر دیا ہے۔ بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد راون نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دے کر یہ سیٹ جیت لی ہے۔
بھیم آرمی چیف چندر شیکھر نے لوک سبھا انتخابات 2024 نگینہ سیٹ سے لڑا تھا۔ اس سیٹ سے پہلی بار سرگرم سیاست میں آنے والے چندر شیکھر کے لئے انتخابی راستہ آسان نہیں تھا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں انتخابات میں اپوزیشن اتحاد میں جگہ نہیں ملی تھی اور وہ تنہا الیکشن لڑ رہے تھے۔ حکمراں جماعت بی جے پی نے اوم پرکاش کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ وہیں سماج وادی کے منوج کمار کو ٹکٹ دیا گیا۔ اس طرح نگینہ لوک سبھا سیٹ پر سہ رخی مقابلہ تھا۔ لیکن چندر شیکھر اس سہ رخی طلسم کو توڑنے اور جیت درج کرنے میں کامیاب رہے اور انہوں نے قریب ترین حریف بی جے پی امیدوار اوم پرکاش کو 151473 ووٹوں سے شکست دی۔ جبکہ سماج وادی پارٹی کے منوج کمار تیسرے نمبر پر رہے۔
پہلی بار الیکشن لڑنے والے چندر شیکھر آزاد راون کے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے جیتنے پر بھیم آرمی کے کارکن بہت پرجوش ہیں۔ انہیں ریٹرننگ آفیسر انکت اگروال نے جیت کا سرٹیفکیٹ دیا ہے۔ چندر شیکھر کو ان کی جیت پر مبارکباد دینے کا سلسہ جاری ہے۔