تین منزلہ مکان میں لگی آگ

تاثیر۸       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 8 جون:-دربھنگہ میں آگ لگنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تھانہ لہریاسرائے کے گدری بازار میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ تین منزلہ مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ گھر کے نچلے حصے میں ہارڈویئر کی دکان تھی اور اوپر کے تین حصوں میں رہائش تھی۔ آتشزدگی کا واقعہ جمعہ کی رات تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ سخت محنت کے بعد صبح 9 بجے کے قریب آگ پر قابو پالیا گیا۔آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ دکان سے اوپر کی پوری منزل جل گئی ہے۔ آگ لگنے سے ایک منزل کی چھت بھی گر گئی ہے۔ آگ پر قابو پانے میں فائر بریگیڈ کی 20 سے 22 گاڑیاں لگیں اور اس کے بعد ہی ہفتہ کی صبح آگ پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکا۔ دکاندار کے خاندان کے تمام افراد دکان کے اوپر تین منزلہ مکان میں رہتے ہیں۔دکاندار کنہیا نائک کے مطابق دکان اور مکان میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آگ لگنے سے دکان سمیت گھر کا تمام سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ گھر کے تمام افراد آگ پھیلنے سے پہلے ہی گھر سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے دکان میں رکھی نقدی بھی جل کر راکھ ہو گئی۔