دوران حج ایک ہزار سے زائد حجاج کی اموات

تاثیر۲۴      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ریاض، 24 جون: سعودی عرب میں رواں سال دوران حج ریکارڈ گرمی پڑی جس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد حجاج کرام انتقال کر گئے۔سعودی عرب میں رواں سال حج کے دوران شدید گرمی پڑی اور کئی مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔ ہیٹ ویو کے باعث جہاں لاکھوں حجاج کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں ایک ہزار سے زائد حجاج انتقال بھی کر گئے۔اس حوالے سے سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمان نے اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دوران حج اموات کی وجہ مناسب پناہ گاہ نہ ہونے اور حجاج کا آرام کیے بغیر تیز دھوپ میں طویل فاصلے تک پیدل سفر کو قرار دیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیر صحت فہد بن عبدالرحمان نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ حج ادائیگی کے دوران مجموعی طور پر 1301 حجاج کرام کی اموات ہوئیں۔ جاں بحق حجاج میں متعدد معمر اور دائمی بیماریوں کا شکار افراد بھی شامل تھے۔ان کا کہنا تھا کہ 83 فیصد اموات ان حجاج کی ہوئیں جو اجازت کے بغیر حج کرنے والے افراد میں شامل ہوئے تھے۔واضح رہے کہ جاں بحق حجاج میں 672 مصری شہری، 236 انڈونیشین، 98 بھارتی کے علاوہ تیونس، اردن، ایران اور سینیگال کے شہری بھی شامل ہیں جب کہ مصری 25 لاپتہ ہیں۔سعودی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی طور پر ذاتی معلومات یا شناختی دستاویزات کی کمی کے باوجود تمام رپورٹس مرتب کر لی گئی ہیں، جاں بحق حجاج کے اہل خانہ کو مطلع اور شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ متوفیان کی شناخت اور تدفین کے لیے مناسب طریقہ کار اپنایا گیا اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ فراہم کیے گئے۔وزیر صحت نے کہا کہ مملکت کی جانب سے عازمین حج کو مفت طبی خدمات کی فراہمی ان کی آمد سے قبل ہی شروع ہو گئی تھی اور فضائی، سمندری اور زمینی سرحدی گزرگاہوں پر آگاہی کے پروگرام شروع کر دیے گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ صحت کے نظام کے تحت چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ حجاج کو خصوصی علاج کی خدمات فراہم کیں جن میں ایک لاکھ 41 ہزار ایسے تھے جو بغیر پرمٹ حج کر رہے تھے۔وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ حجاج کو فراہم کی جانے والی صحت خدمات میں اوپن ہارٹ سرجری، کارڈیک کیتھیٹرائزیشن، ڈائیلائسز سیشن اور 30 ہزار سے زیادہ ہنگامی ایمبولینس کی خدمات شامل ہیں۔ 95 ایئر ایمبولینس آپریشنز مختلف شہروں میں جدید صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موجود رہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں شدید گرمی کی وجہ سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں خطبہ جمعہ اور نماز پندرہ منٹ کے اندر ادا کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے جس پر شدید گرمی کا موسم جاری رہنے تک عملدرآمد کیا جائے گا۔