مودی حکومت میں ایک بھی مسلم چہرہ نہ ہونے پر زما خان کا بڑا بیان ، کہا ‘ میری پارٹی سے کوئی نہیں جیتا ‘

تاثیر۱۲      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 12 جون: مرکز میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ چرچا زوروں پر ہے کہ اقلیتی کوٹے سے کسی کو وزیر نہیں بنایا گیا اور آج بہار حکومت کے وزیر زما خان نے اس حوالے سے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب حکومت بن چکی ہے ، کابینہ میں توسیع ہوگی اور کہیں نہ کہیں سب کو اس سوال کا جواب ملے گا جو آپ پوچھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن کو ہم نے کشن گنج سے ٹکٹ دیا تھا وہ الیکشن نہیں جیتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی کابینہ میں کسی مسلمان کو جگہ نہیں ملی۔ اگر وہ الیکشن جیت جاتے تو وزیر اعلیٰ نتیش کمار انہیں ضرور موقع دیتے اور آج ایک مسلمان بھی مرکز میں وزیر ہوتا۔زماں خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے لوگ فالتو بات کہتے رہتے ہیں، لیکن نتیش کمار نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔ ہم بھی مرکزی حکومت میں ہیں، یہ حکومت پوری طرح سے 5 سال چلے گی ، کہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ بہار کی ترقی کیلئے جس طرح سے نتیش کمار نے شروع سے کام کیا ہے، اس بار بھی بہار کی ترقی کے لئے کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہار کوآگے لے جانے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتیں مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بہار کے کئی کابینہ وزیر مرکز میں بن چکے ہیں۔ بہار کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جو روڈ میپ طے کیا ہے، اس کے مطابق بہار ترقی کرے گا اور کام کیا جائے گا۔ اپوزیشن کا کام صرف بولنا ہے ، وہ بولتے رہیں گے ، لیکن عوام جانتی ہے کہ ہمارے وزیر اعلیٰ نتیش کمار جو بہار کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، بہار کو ہر قیمت پر آگے لے کر جائیں گے۔