تاثیر۲۸ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 جون :کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سید ناصر حسین نے راجیہ سبھا میں قاعدہ 267 کے تحت نیٹ یوجی اور یوجی سی نیٹ سمیت دیگر امتحانات کے انعقاد میں پیپر لیک ہونے کے معاملات پر التوا کا نوٹس دیا ہے۔ اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن انڈیا اتحاد مودی حکومت کو پیپر لیک معاملے پر گھیرنے کی تیاری کر چکا ہے۔انڈیا یعنی انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس کے دیگر حلقوں کی جانب سے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ یو جی سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھانے کا پورا امکان ہے۔ نیٹ یوجی اور یوجی سی نیٹ سے اپوزیشن جواب طلب کرے گی۔ پیپر لیک معاملے پر بحث پر حکومت سے جواب کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملیکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کی میٹنگ میں لیا گیا۔ میٹنگ میں کھرگے کے علاوہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار، ترنمول کانگریس کے کاکولی گھوش، ڈی ایم کے کی کنی موزی، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سنجے راوت اور دیگر کئی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔اپوزیشن پارٹیاں نیٹ یوجی اور یوجی سی نیٹ پیپر لیک اور مہنگائی سمیت دیگر کئی مسائل پر پارلیمنٹ میں حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اس کا جواب دینے کے لیے بی جے پی بھی اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنا رہی ہے اور اپنے ممبران پارلیمنٹ کو سخت جوابی حملہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔