تاثیر۸ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 8 جون : راجدھانی پٹنہ سے متصل مسوڑھی میں محکمہ ایکسائز پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے آپریشن دیسی شراب چلا کر تین درجن سے زائد شراب کی بھٹیاں تباہ کر دیں۔ پولیس کی اس کارروائی سے شراب بنانے والوں اور اسمگلروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
در اصل ان دنوں محکمہ ایکسائز آپریشن دیسی شراب چلا کر بڑے پیمانے پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جمعہ کے روز ایکسائز پولیس نے مسوڑھی تھانہ علاقے کے سوکاتھیا گاوں میں تقریباً 18 ہزار کلو جاوا مہوا برآمد کیا۔ اس کے علاوہ 1143 لیٹر دیسی شراب بھی ضبط کی گئی۔ ساتھ ہی یہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز پولیس نے تین درجن سے زائد شراب کی بھٹیوں کو تباہ کر دیا۔
اس سلسلے میں ایکسائز سپرنٹنڈنٹ سنجے کمار چودھری نے بتایا کہ سوکاتھیا گاوں میں ڈرون کیمرہ کی مدد سے پتہ چلا کہ پین کے بیچ میں ایک منی شراب فیکٹری جیسا ڈھانچہ بنا کر دیسی شراب بنائی جا رہی تھی۔ ایسے میں پولیس نے اس جگہ کی نشاندہی کی اور چھاپہ ماری کرنے گئی لیکن شراب اسمگلر پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گئے۔ تاہم اس دوران پولیس نے موقع سے شراب بنانے کا سامان، کثیر مقدار میں جاوا مہوا اور دیسی شراب وغیرہ کو ضبط کیا اور شراب بنانے کے دیگر ا?لات کو تباہ اور جلا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاگ اسکواڈ اور ڈرون کیمروں کی مدد سے مسوڑھی کے مورہر ندی، دردھا ندی کے کنارے بسے ہوئے سبھی مسہر ی کے لوگ اب ندی کے بیچ میں جا کر اور پین کے بیچ میں شراب بھٹی بنا کر دیسی شراب بنا رہے ہیں۔ پورے مسوڑھی سب ڈویزن میں 41 شراب خانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں مسلسل چھاپہ ماری کر کے شراب مافیا کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ ان معاملات میں اب تک 2500 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یہ کارروائی مسلسل جاری رہے گی۔