کار چار گھنٹے تک ٹرک کے نیچے دبی رہی، معصوم سمیت تین جاں بحق

تاثیر۱۳      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جے پور، 13 جون : رائیسر تھانہ علاقہ میں بدھ کی دیر رات پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پانچ سالہ معصوم بچہ بھی شامل ہے۔ حادثے کے دوران کار ٹرک کے نیچے دب گئی۔ پورا خاندان تقریباً چار گھنٹے تک کار میں پھنسا رہا۔ اگر بروقت ریسکیو کیا جاتا تو سب کی جان بچائی جا سکتی تھی۔
سی آئی مہندر سنگھ نے بتایا کہ یہ خاندان ہاتھرس (یوپی) کا رہنے والا ہے۔ مرنے والوں میں انکت (34)، انکت کے بہنوئی روی (32)، انکت کی بیٹی دیوتی (5) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ انکت کی بیوی رنکی (28) شدید زخمی ہے۔ جو نمس ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ متوفی انکت بدھ کی شام کھاٹوشیام کا درشن کرنے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر لوٹ رہا تھا۔ دیر رات، رائیسر تھانہ علاقے کے باکی ماتا کٹ کے مقام پر کار ایک آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس دوران کار ٹرک کے نیچے گھس گئی۔ ٹرک ڈرائیور گاڑی کو گھسیٹ کر کھیت میں لے گیا۔ جہاں گاڑی گڑھے میں پھنس گئی، ٹرک رک گیا۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو حادثے کی اطلاع دی۔ ریسل، چندواجی اور منوہر پور تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم کار میں پھنسے زخمیوں کو حادثے کے چار گھنٹے بعد نکالا جا سکا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم زخمیوں کو باہر نہیں نکالا۔ تمام پولیس اہلکار کرین کے آنے کا انتظار کرتے رہے۔ جبکہ گاڑی میں پھنسی خاتون اندر سے مدد کے لیے پکارتی رہی۔ حادثے کے تقریباً تین گھنٹے بعد کرین موقع پر پہنچی۔ جس کے بعد اندر پھنسے لوگوں کو نکالا جا سکا۔ ان میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔