آسام: سیلاب سے 6 افراد کی موت، 21 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر

تاثیر۳      جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی،05 جولائی: آسام میں سیلاب کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کے درمیان جمعرات کو مزید چھ لوگوں کی موت ہوگئی۔ ریاست میں سیلاب سے 29 اضلاع میں 21 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ بلیٹن کے مطابق ریاست کی بڑی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی روزانہ سیلاب کی رپورٹ کے مطابق، جن چھ لوگوں کی جانیں گئیں، ان میں سے چار گولاگھاٹ کے رہنے والے تھے جبکہ ڈبرو گڑھ اور چرائیڈیو میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے۔ سیلاب سے 29 اضلاع میں مجموعی طور پر 21,13,204 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 57,018 ہیکٹر زرعی اراضی زیر آب ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں دھوبری شامل ہے جہاں 6,48,806 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ درنگ میں 1,90,261، کیچھر میں 1,45,926، بارپیٹا میں 1,31,041 اور گولاگھاٹ میں 1,08,594 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس وقت 39,338 متاثرہ افراد 698 ریلیف کیمپوں میں پناہ لے رہے ہیں۔بلیٹن کے مطابق مختلف ایجنسیوں نے ایک ہزار سے زائد افراد اور 635 جانوروں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ کامروپ (میٹرو پولیٹن) ضلع میں الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں برہم پترا، ڈیگارو اور کولونگ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔