اتراکھنڈ کے نو اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ

تاثیر۱۷  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دہرادون، 17 جولائی : اتراکھنڈ میں مانسون کی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے چاروں طرف ہریالی چھا گئی ہے۔ پانی کے خشک ہونے والے ذرائع دوبارہ چارج ہو گئے ہیں۔پہاڑوں پر آبشاریں پھوٹ پڑے ہیں۔ وادیوں میں کوہرے اور دھند کی چادر چھا گئی ہے۔ اس سے نظارہ تو خوبصورت ہو گیا ہے لیکن بارش سے کافی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جولائی تک ریاست کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
ماہرین موسمیات نے خاص طور پر پہاڑوں پر سفر کرنے والوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست اتراکھنڈ کے نو اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ماہر موسمیات روہت تھپلیال نے کہا کہ 17-18 جولائی کو دارالحکومت دہرادون، اترکاشی، ٹہری، رودرپریاگ، چمولی، چمپاوت اور نینی تال اضلاع میں الگ الگ مقامات پر بھاری بارش کی توقع ہے۔ ان اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ پتھورا گڑھ اور باگیشور اضلاع میں الگ الگ مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بارش کی توقع ہے۔ اس حوالے سے اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔