اتراکھنڈ کے کماؤں ڈویژن میں موسلادھار بارش سے مسائل میں اضافہ، سڑکیں زیر آب، ندیوں میں پانی

تاثیر۲۲  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دہرادون، 22 جولائی: موسلا دھار بارش کی وجہ سے اتراکھنڈ کا کماوں ڈویژن ریڈ الرٹ پر ہے۔ پہاڑوں سے لے کر میدانی علاقوں میں رات سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ پیر کی صبح موسم خوشگوار نظر آیا لیکن ہر طرف پانی ہی پانی کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، دہرادون کے ماجرا علاقے میں صبح ہونے والی بارش سے سڑکوں پر پانی آنے سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑک کنارے نالیاں بند ہونے پر کارپوریشن کے ملازمین نے ان کی صفائی کر کے نالیاں کھول دیں۔ ریاست اتراکھنڈ میں بدلتے موسم کی وجہ سے ہر قدم پر خطرے کے امکان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاط کے ساتھ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث سڑکیں پانی سے بھر گئی ہیں اور ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بکرم سنگھ نے ریاست بھر میں 25 جولائی تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ پیر کو چمپاوت، نینی تال اور ادھم سنگھ نگر اضلاع کے کچھ حصوں میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ پوڑی، پتھورا گڑھ، باگیشور اور الموڑہ اضلاع کے کچھ علاقوں میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دیگر اضلاع کے لیے بارش کا یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر لوگوں کو پہاڑ پر سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکومت سے لے کر ضلعی سطح تک کے اہلکار الرٹ موڈ پر ہیں۔ سکیورٹی کا نظام بھی پوری طرح الرٹ ہے۔