تاثیر۱۷ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
غازی آباد، 17 جولائی: تھانہ لونی پولیس نے بدھ کی علی الصبح ایک انکاؤنٹر کے دوران سروودے اسپتال کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کی کوشش کے معاملے میں مفرور مجرم کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس دوران پولیس کی فائرنگ سے بدمعاش زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اے سی پی سوریہ بلی موریہ نے بتایا کہ لونی تھانہ پولیس رات کو چیکنگ کر رہی تھی۔ اس دوران نٹھورا انڈر پاس کے قریب اسکوٹی پر سوار دو مشکوک نوجوانوں کو چیکنگ کے دوران روکا گیا تو دونوں نوجوان ریلوے لائن کے بائیں جانب کچی سڑک کی طرف مڑ کر اپنی اسکوٹی سے بھاگنے لگے۔ پولیس پارٹی نے پیچھا کیا تو اسکوٹی پر سوار نوجوان پھسل کر گر گیا۔ خود کو پولیس ٹیم میں گھرا دیکھ کر دونوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ٹیم نے اپنے دفاع میں فائرنگ بھی کی،جس میں ایک بدمعاش پیر پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ جبکہ دوسرا مجرم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریلوے ٹریک پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
اے سی پی نے بتایا کہ موقع پر مختصر پوچھ گچھ کے دوران زخمی مجرم نے اپنا نام توپیش عرف ونے تومر ساکن 349 گیتانجلی وہار اسٹریٹ نمبر 7، نوین کنج تھانہ، لونی بتایا۔ اس نے بتایا کہ 12 جولائی کی رات میں نے اور میرے دوست یوگی عرف یش شرما ولد ستیش ساکن بنتھلہ تھانہ لونی نے سروودے نرسنگ ہوم کے قریب بنتھلہ فلائی اوور پر قتل کی نیت سے فائرنگ کی تھی۔ موقع سے ایک دیسی ساختہ پستول .32 بور، ایک زندہ کارتوس .32 بور اور 02 شیل کارتوس .32 بور، سفید رنگ کی اسکوٹر اور ایکخالی کارتوس 315 بور برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار مجرم نے بتایا کہ اس کے دوست یوگی نے شیام اسپتال گرام نگر کے سامنے سے 28 جون کو اسکوٹی چوری کی تھی۔

